Friday, April 19, 2024

وزیر خارجہ کی قومی اسمبلی کو مبینہ سازش کیس پر ان کیمرہ اجلاس کی پیشکش

وزیر خارجہ کی قومی اسمبلی کو مبینہ سازش کیس پر ان کیمرہ اجلاس کی پیشکش
April 9, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی کو مبینہ سازش کیس پر ان کیمرہ اجلاس کی پیشکش کردی۔

ہفتہ کو قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں دود ھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے، بولے ایوان میں ضمیر فروشی کا بازار لگایا گیا، آپ غلامی کا طوق پہن سکتے ہو ہم نہیں۔

شاہ محمود قریشی بولے کہ امریکی مشیر سلامتی نے پاکستان کے مشیرسلامتی کو براہ راست کال کی اور کہا روس نہ جاؤ، اس کے بعد رجیم بدلنے کی جو کوشش کی جارہی ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں۔

وزیرخارجہ بولے کہ ضمیر فروشی کا بازار بھی قوم نے دیکھ لیا، اب فیصلہ قوم نے کرنا ہے کہ سراُٹھا کر جینا ہے یا جھکا کر۔

شاہ محمود نے کہا کہ جن لوگوں نے یہ ماحول سجایا ہے تاریخ ان کو بےنقاب کرے گی، رجیم چینج کی جارہی ہے یہاں بڑی بڑی ہستیاں چینج کی جارہی ہیں، آج ہم ہیں، کل نہیں ہوں گے۔ تاریخ گواہ ہوگی حقائق چھپتے نہیں ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ آج جتنی سیاسی قوتیں ہیں وہ ترازو کے ایک طرف اور تنہا عمران خان ایک طرف، نہ ان کامنشور ایک ہے اور نہ منزل ایک، یہ صرف بغض کا اتحاد ہے۔