Wednesday, May 1, 2024

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا 12 مئی کو دورہ امریکا کا امکان

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا 12 مئی کو دورہ امریکا کا امکان
May 8, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے 12 مئی کو دورہ امریکا پر جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق وزرائے خارجہ کے دورے کا شیڈول ابھی زیر غور ہے تاہم ابھی اسے حتمی شکل نہیں دی گئی۔ وزیر خارجہ بلاول کو ان کے امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن نے امریکہ آنے کی دعوت دی ہے۔

دورے کے دوران وزیرخارجہ امریکا میں کورونا وباء پر عالمی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ وہ 18 مئی کو عالمی فوڈ سیکیورٹی پر بین وزارتی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اپنے امریکی ہم منصب سمیت اعلیٰ حکام سے کئی ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کی بھی وفد میں شمولیت متوقع ہے۔

اس سے قبل پاکستان اور امریکا تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر اپنے خیالات کا تبادلہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان وسیع البنیاد پرانے تعلقات ہیں۔ "دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور باہمی مفاد کی بنیاد پر تعمیری اور پائیدار روابط خطے اور اس سے باہر امن، ترقی اور سلامتی کو فروغ دینے کے لیے ناگزیر ہیں۔"

گزشتہ دو سالوں کے دوران کورونا کی وباء سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور امریکا کے تعاون کی بنیاد پر سیکرٹری بلنکن نے پاکستان کو اس ماہ کے آخر میں ہونے والی دوسری عالمی کورونا سمٹ میں مدعو کیا تھا۔