Thursday, March 28, 2024

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا شیخ رشید سے خونی لانگ مارچ کے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا شیخ رشید سے خونی لانگ مارچ کے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ
May 7, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے شیخ رشید سے خونی لانگ مارچ کے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا بیان واپس نہ لیا تو گھر سے نہیں نکلنے دوں گا۔ جو کہتا تھا جیل میرا سسرال ہے اس نے کل ضمانت قبل از گرفتاری کروا لی۔ ان کے برگر شاید یہی زبان سمجھتے ہیں۔

لاہور انسداد منشیات عدالت میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سمیت دیگر ملزمان کیخلاف منشیات اسمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ رانا ثناء اللہ اور دیگر ملزمان عدالت پہنچے اور حاضری مکمل کروائی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء نے سابق حکومت کو نشانے پر رکھ لیا، بولے عمران خان کے سر پر ہر وقت فرح گوگی سوار ہے، وہ اس وقت فرح گوگی کے وکیل بنے ہوئے ہیں۔ پنجاب کی اصل وزیراعلی فرح گوگی تھی ہر حکم ان کا چلتا تھا۔ ہیروئن برآمدگی کیس کے اصل ملزم عمران خان اور ایک شہزاد اکبر ہیں۔ عمران خان لوگوں کو گمراہ کرنے کیلئے طرح طرح کے الزامات لگا رہا ہے۔ آخری مرتبہ کہتا ہوں اگر اپنی حرکتوں سے باز نہ آئے تو ان کا گھروں سے نکلنا مشکل ہو جائے گا۔

عدالت میں رانا ثناءاللہ کے وکلاء کی جانب سے مستقل حاضری معافی کی درخواست جمع کرا دی گئی ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مستقل حاضری معافی کی درخواست سے متعلق دلائل طلب کر لیے۔