Saturday, May 18, 2024

وزیر اعظم شہباز شریف کی سیلاب زدہ علاقوں کے لئے اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

وزیر اعظم شہباز شریف کی سیلاب زدہ علاقوں کے لئے اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
September 11, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب زدہ علاقوں کے لئے اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں سیلاب کی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء مفتاح اسماعیل، سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب، احسن اقبال اور خواجہ سعد رفیق نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز، چیئرمین این ایف آر سی سی میجر جنرل ظفر اقبال اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں سیلاب زدہ علاقوں میں نظام مواصلات، بجلی کی ترسیل اور دیگر امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں اشیائےضروریہ اور  اشیائےخورد و نوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ صوبائی حکومتوں کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے  ہوئے سڑکوں کی بحالی کے لیے جلد از جلد خصوصی اقدامات کیے جائیں ۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے وزیر کلچر، نوجوانان اور سماجی ترقی شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان کو ٹیلی فون کیا ہے جس میں انھوں نے سیلاب متاثرین کے لئے بڑی مالی امداد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے سیلاب سے ہونے والی تاریخی تباہی اور متاثرین کی مدد کے لئے حکومتی اقدامات سے  بھی آگاہ کیا۔