Tuesday, April 16, 2024

وزیر اعظم کا لوڈشیڈنگ کنٹرول کرنے کیلئے بند پاور پلانٹس فوری چالو کرنے کا حکم

وزیر اعظم کا لوڈشیڈنگ کنٹرول کرنے کیلئے بند پاور پلانٹس فوری چالو کرنے کا حکم
July 3, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیر اعظم شہباز شریف نے لوڈشیڈنگ کنٹرول کرنے کیلئے بند پاور پلانٹس فوری چالو کرنے کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت  اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، مفتاح اسماعیل ، انجنئیر خرم دستگیر ، مریم اورنگزیب اور رکن قومی اسمبلی  شاہد خاقان عباسی نے شرکت کی۔ وزیراعظم  نے لوڈ شیڈنگ کے حوالے فوری رپورٹ طلب کر لی۔

شہبازشریف نے صوبوں کو  پینے کے پانی اور زرعی سہولیات کی فراہمی سے متعلق  معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے ارسا کو صوبوں کے ساتھ باہمی مشاورت سے مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کی۔

بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 787 میگاواٹ  سے بڑھ گیا ہے ۔ پاورڈویژن ذرائع کے مطابق  بجلی کی مجموعی پیداوار 21ہزار213 میگاواٹ ہے جبکہ کل طلب  29 ہزار میگاواٹ ہے۔ پانی سے 5 ہزار 430 میگاواٹ ، سرکاری تھرمل پلانٹس 1ہزار705میگاواٹ  اور نجی بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 10ہزار 241میگاواٹ ہے ۔  جوہری ایندھن 2ہزار 275 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔  

شارٹ فال میں اضافے کے باعث ملک کے شہری علاقوں میں 8 سے دس گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 14 سے سولہ گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے ۔