Tuesday, May 17, 2022

وزیراعظم شہبازشریف کی دورہ سعودی عرب کے بعد وطن واپسی

وزیراعظم شہبازشریف کی دورہ سعودی عرب کے بعد وطن واپسی
May 1, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہبازشریف دورہ سعودی عرب کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔

وزیراعظم نے سعودی عرب کا تین روزہ سرکاری دورہ کیا، وزیراعظم نے سعودی عرب سے واپسی پرمتحدہ عرب امارات میں مختصر قیام کیا۔

اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے تفصیلی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے عمرہ بھی کیا اور روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی۔ وطن واپسی سے قبل وزیراعظم نے ابوظہبی میں مختصر قیام کیا۔

ابوظہبی میں قیام کے دوران، شہباز شریف کا شاہی محل قصر الشطیٰ میں ملاقات سے قبل ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زید النہیان نے پرتپاک استقبال کیا۔

وزیراعظم اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور مختلف محاذوں پر تعاون کو آگے بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور کا بھی جائزہ لیا۔

کویت کی جانب سے بھی پاکستان کی نئی حکومت کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔ بلوم برگ کے مطابق کویتی کمپنیوں نے پاکستان سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق منصوبوں کی مجموعی مالیت 750 ملین ڈالر ہے۔ جو حالیہ برسوں میں پاکستان میں سب سے بڑی سرمایہ کاری ہو گی۔

کویتی کمپنی اینرٹیک ہولڈنگ نے ڈیجیٹل بینکنگ کے لائسنس کی درخواست بھی دے دی ہے۔ چیئرمین پاکستان کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے مطابق ہائیڈروجن پلانٹ اور دو سمارٹ شہروں کی بھی تجویز دی گئی ہے۔