Thursday, March 28, 2024

وزیراعظم شہبازشریف کا پنجاب کے تمام اسپتالوں میں ادویات مفت فراہم کرنیکا حکم

وزیراعظم شہبازشریف کا پنجاب کے تمام اسپتالوں میں ادویات مفت فراہم کرنیکا حکم
May 2, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہبازشریف نے پنجاب کے تمام اسپتالوں میں ادویات مفت فراہم کرنے کا حکم دیدیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی) میں بین الاقوامی معیار کے مطابق سہولیات لانے اور وہاں کم از کم 50 فیصد غریب مریضوں کا مفت علاج کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ ہدایت انہوں نے لاہور میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کو پی کے ایل آئی کے انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بتایا گیا کہ گزشتہ سال دو سو نوے گردے اور ایک سو نوے جگر کے ٹرانسپلانٹس کیے گئے جن میں سے صرف سترہ فیصد مریضوں کا مفت علاج کیا گیا۔ انہیں نرسنگ پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پی کے ایل آئی میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی موجودہ سہولیات غیر تسلی بخش ہیں۔ انہوں نے چیف سیکرٹری پنجاب کو ہدایت کی کہ وہ ادارے کو مالی طور پر خود مختار بنانے کے لیے تین دن میں حکمت عملی پیش کریں۔

اُنہوں نے کہا کہ پی کے ایل آئی کا مقصد ملک کے غریب اور نادار لوگوں کو مفت ٹرانسپلانٹ کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں علاج کے لیے دوسرے ممالک میں پیسہ خرچ کرکے نہ جانا پڑے۔ اُنہوں نے کہا کہ مریض کو مالی وجوہات کی بناء پر علاج سے محروم نہ کیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک کے غریبوں کو صحت کی معیاری سہولیات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے اور اِنہیں مفت عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے پی کے ایل آئی منصوبے کی تکمیل میں غفلت پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کو ٹرسٹ بنانے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے نرسنگ یونیورسٹی کے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر پی کے ایل آئی کی صفائی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لانے کی ضرورت ہے تو پی کے ایل آئی کے صفائی کے نظام کو آؤٹ سورس کیا جائے۔

اجلاس میں خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل، سیکرٹری صحت پنجاب اور پی کے ایل آئی کے دیگر حکام نے شرکت کی۔