Friday, April 19, 2024

وزیراعظم شہباز شریف کا ایئرپورٹس پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کا نوٹس

وزیراعظم شہباز شریف کا ایئرپورٹس پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کا نوٹس
July 3, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف نے فضائی مسافروں سے پچاس ہزار روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کا نوٹس لے لیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہوائی اڈوں پر مسافروں سے 50 ہزار روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے غیر قانونی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا حکم نامہ فوری معطل کرنے کا حکم دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ مسافروں کو تنگ کرنے کا سلسلہ فوری بند کیا جائے، جن لوگوں کی وجہ سے مسافروں کو اذیت کا سامنا کرنا پڑا انہیں عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اس امر کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور ہوائی اڈوں پر مسافروں سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کی شکایات پر سخت برہمی کا اظہارکیا ہے ۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو حکم دیا کہ غیر قانونی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا حکمنامہ فوری معطل کیا جائے۔

وزیراعظم نے سختی سے ہدایت کی کہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کو تنگ کرنے کا سلسلہ فوری بند کیا جائے۔ وزیراعظم نے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کے فیصلے کی تحقیقات کرانے کا بھی حکم دیا ہے۔