Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب میں عمرہ ادا کر لیا

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب میں عمرہ ادا کر لیا
April 30, 2022 ویب ڈیسک

ریاض (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب میں عمرہ ادا کر لیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح وفد نے بھی عمرہ ادا کیا۔

عمرہ کے بعد پاکستان میں امن و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ شاہی محل پہنچے تو شہزادہ محمد بن سلمان نے خود ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں اقتصادی اور تجارتی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ سعودی عرب میں پاکستانیوں کے روزگار کے مواقع بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وفاقی وزرا بلاول بھٹو، مفتاح اسماعیل، خواجہ آصف، مریم اورنگزیب، خالد مقبول صدیقی، نوابزادہ شاہ زین بگٹی، چودھری سالک حسین، محسن داوڑ اور مولانا طاہر اشرفی بھی موجود تھے۔

اس سے پہلے عرب نیوز کو انٹرویو میں وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے خصوصی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور ہم ان باہمی تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے روس اور یوکرین دونوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ امید ہے کہ دونوں ممالک میں امن مذاکرات جلد شروع ہوں گے۔ یوکرینی عوام کیلئے مزید امداد بھجوانے پر غور کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے اپنے تین روزہ دورہ سعودی عرب کے دوران دو مرتبہ روزہ رسول صلی اللہ و علیہ وسلم پر حاضری دی، ریاض الجنتہ میں نوافل ادا کیے، جمعتہ الوداع کی نماز مسجد نبوی میں ادا کی۔