Saturday, April 20, 2024

وزیراعظم شہباز شریف کی عمران خان کو فُول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف کی عمران خان کو فُول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت
May 16, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزارت داخلہ نے شہباز شریف کو سابق وزیراعظم کی سکیورٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو ہدایت کی کہ سابق وزیراعظم کو بہترین سکیورٹی فراہم کی جائے۔ انہوں نے عمران خان کو چیف سکیورٹی آفیسر فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ان کے عوامی اجتماعات کے دوران سکیورٹی فراہم کی جائے۔

ادھر وزارت داخلہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزارت داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں سابق وزیراعظم عمران خان کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سابق وزیراعظم کے لیے تفویض کردہ سکیورٹی اہلکاروں کی مکمل تعیناتی کو یقینی بنائیں۔ عمران خان کے بنی گالہ ہاؤس کی سکیورٹی کے لیے پولیس اور ایف سی کے 94 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا پولیس کے چھتیس اہلکار اور گلگت بلتستان پولیس کے چھ اہلکار بھی سابق وزیراعظم کی سکیورٹی کے لیے متعلقہ حکومتوں کی جانب سے تعینات کیے گئے ہیں۔

بنی گالہ ہاؤس کی سکیورٹی کے لیے دو سکیورٹی کمپنیوں کے پینتیس اہلکار بھی تعینات ہیں۔

عمران خان کی اسلام آباد سے باہر آمدورفت کے دوران اسلام آباد پولیس کی 4 گاڑیاں اور 23 اہلکار جبکہ ایک گاڑی اور ایف سی کے 5 اہلکار ان کے ہمراہ ہوتے ہیں۔

وزارت داخلہ کی نگرانی میں تھریٹ اسسمنٹ کمپنی عمران خان کی سکیورٹی سے متعلق معاملات کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اگر سابق وزیراعظم کے پاس کوئی خاص معلومات ہیں تو وہ وزارت داخلہ کو بتائیں تاکہ سکیورٹی کے مزید انتظامات کیے جا سکیں۔

سابق وزیراعظم اپنے حالیہ عوامی اجتماعات میں اپنی جان کو لاحق ممکنہ خطرے کے خدشات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ سابق وزیراعظم ہونے کے ناطے عمران خان کی قومی ذمہ داری ہے کہ وہ وزارت داخلہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو اپنی جان کو لاحق کسی بھی ممکنہ خطرے اور دیگر معاملات سے آگاہ کرتے رہیں، انہوں نے یقین دلایا کہ معلومات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔