Friday, April 26, 2024

وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب اور یواے ای کے نتائج سامنے آنے لگے

وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب اور یواے ای کے نتائج سامنے آنے لگے
May 9, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ سعودی عرب اور یواے ای کے نتائج سامنے آنے لگے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کومؤخرادائیگی پرپٹرولیم مصنوعات کی سپلائی جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ آئی ایم ایف سے اضافی 2 ارب ڈالر ملنے تک سعودی قرض کی واپسی معطل رہنے کا امکان ہے۔

 یواےای نے بھی سیف ڈیپازٹ 2 ارب ڈالر کی واپسی پر اصرار نہ کرنےکی امید دلائی ہے۔

قطر نے پاکستان کو گیس سپلائی میں درپیش مالی اور لاجسٹک مشکلات کے حل میں تعاون کا یقین دلایا، آئی ایم ایف سے رواں ہفتے ہونے والے مذاکرات میں درپیش پیچیدگیوں سے چھٹکارا حاصل ہوتے ہی تینوں برادر ممالک اپنے پیکج سامنے لائیں گے۔

چار مختلف ذرائع سے امید افزا پیکج کے بیک وقت ملنے کا ایسا امکان پہلی بار سامنے آیا ہے۔ آئی ایم ایف کی پیکج شرائط کی نوعیت اس امکان کی صحت متعین کرے گی۔ چاروں جانب سے موافقانہ صورتحال سے قیمتوں پر کنٹرول، ڈالر کو قابو میں اور زر مبادلہ کے ذخائر کو توانا رکھنے کی امید ملنے کا امکان ہے۔

مجموعی پیکج کم از کم 6 اور زیادہ سے زیادہ 8 ارب ڈالر کا ہوگا، ٹائم لائن سامنے آنے پر سیف ڈیپازٹ ، مؤخر ادائیگی اور موصول قرض کی مقدار متعین ہوگی۔ بجٹ کو کاروبار اور صارفین کے لیے موافقانہ بنانے کی حکومتی استعداد کا بھی اندازہ لگایا جا سکے گا۔