Wednesday, April 24, 2024

وزیراعظم نے یوٹیلیٹی سٹورز پر خریداری کیلئے استعمال ہونیوالا ون ٹائم پاس ورڈ سسٹم ختم کر دیا

وزیراعظم نے یوٹیلیٹی سٹورز پر خریداری کیلئے استعمال ہونیوالا ون ٹائم پاس ورڈ سسٹم ختم کر دیا
June 26, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف نے یوٹیلیٹی سٹورز پر خریداری کیلئے استعمال ہونے والا ون ٹائم پاس ورڈ سسٹم ختم کر دیا ہے۔ اب سبسڈائزڈ اشیاء کی خریداری کیلئے اصل شناختی کارڈ کاؤنٹر پر دکھانا ہو گا۔ فوٹو کاپی کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اعلامیے کے مطابق اب خریداری کے بعد کسٹمر کے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر تصدیقی ایس ایم ایس موصول گا۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن اصل مستحقین تک وفاقی حکومت کی سبسڈی شفاف انداز سے منتقل کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز وزیر اعظم کے ہدایت پر لاہور اور اسلام آباد کی ہر سپر مارکیٹ اسٹور اور منی مارکیٹ پر پی او ایس کاؤنٹرز کی تعداد بتدریج بڑھا رہی ہے۔ تمام زونل منیجرز کو یوٹیلیٹی اسٹورز پر صارفین کے لیے واٹر کولر، ٹینٹ، کرسیاں، پنکھے کی فراہمی کے لیے پنجاب کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور آئی سی ٹی سے رابطہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ ٹینٹ اور پانی کا بندوبست پہلے سے موجود بھی ہے جس کو مزید بہتر کرنے کے لئے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

جاری اعلامیے کے مطابق ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر وفاقی حکومت کی سبسڈی کے تحت چینی 70 روپے فی کلو، گھی 300 روپے فی کلو جبکہ آٹے کا 10 کلو تھیلا 400 روپے میں دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ 1500 سے زائد معیاری اشیاء بھی عام مارکیٹ کی نسبت بہت کم قیمت پر دستیاب ہیں۔