وزیراعظم نے مرتضی محمود کی انڈونیشیا سے خوردنی تیل کی درآمد کیلئے کوششوں کو سراہا

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف نے وزیرصنعت وپیداوار مرتضی محمود کی انڈونیشیا سے خوردنی تیل کی درآمد کے لئے خصوصی کوششوں کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے وزیرصنعت و پیداوار مخدوم مرتضیٰ محمود اور سیکٹری امداد اللہ بوسال نے ملاقات کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا وزیرصنعت و پیداوار کا خوردنی تیل کی درآمد کیلئے ذاتی خرچے پر انڈونیشیا کا دورہ قابل ستائش ہے۔ دورے کا مقصد ملک میں خوردنی تیل کی درآمد سے متوقع بحران کا سد باب کرنا تھا۔ وزیرصنعت کی کوششوں کی بدولت انڈونیشیا سے ڈھائی لاکھ میٹرک ٹن(10 بحری جہاز) پاکستان کو فراہم کئے جا رہے ہیں۔ خوردنی تیل کے کارگو کی آمد سے تیل کی قیمتوں میں کمی ہو گی۔