اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف نے لگژری اور غیر ضروری اشیاء کی درآمد پر پابندی لگا دی۔
وزیراعظم کی ہدایت پر فوری علمدر آمد شروع کردیا گیا، وزیراعظم نے درآمدات اور برآمدات میں فرق کی وجہ سے پابندی عائد کی۔ غیر ضروری اشیاء کی درآمد پر پابندی سے روپے کی بےقدری میں کمی آئے گی۔
شہبازشریف کا کہنا ہے درآمدات اور برآمدات میں بڑے فرق کی وجہ سے زرمبادلہ تیزی سے کم ہورہا تھا، غیر ضروری اور لگژری اشیاء کی درآمد پر قیمتی زرمبادلہ خرچ نہیں ہونے دیں گے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے عوام پر کم بوجھ ڈالنے اور معیشت بہتر بنانے کیلئے جو فیصلے کرنا پڑے کریں گے، وزیراعظم نے اتحادیوں سے مشاورت مکمل کرلی، جلد قوم کو اعتماد میں لیں گے۔