Saturday, April 20, 2024

وزیراعظم نے عمران خان کا خطاب پاکستان کیخلاف بڑی سازش قرار دیدیا

وزیراعظم نے عمران خان کا خطاب پاکستان کیخلاف بڑی سازش قرار دیدیا
May 9, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کے خطاب کو پاکستان کے خلاف بڑی سازش قرار دے دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بیان میں کہا کہ قومی اداروں کے خلاف بیانیہ گھڑنے والے اصل میر جعفر اور میر صادق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اتوار کو ایبٹ آباد میں ریاست، آئین اور پاکستان کے معزز اداروں کو چیلنج کیا اور اس کے لیے قانونی کارروائی کی جائے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان جو کچھ کر رہے ہیں اسے سیاست نہیں سازش قرار دیا جا سکتا ہے اور یہ سازش کسی سیاسی حریف کے خلاف نہیں بلکہ ملک کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کسی ایک شخص کی انا، تکبر اور صریح جھوٹ پر سرنڈر یا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

وزیراعظم نے عہد کیا کہ عمران کے ان مذموم عزائم کو ہر صورت کچل دیا جائے گا۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام، آئین اور پاکستان کے ادارے عمران نیازی کے غلام نہیں اور نہ ہی انہیں یرغمال بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے نیازی کی تقریر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران کو پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیا جائے گا۔