Monday, June 27, 2022

وزیراعظم نے بچوں کو قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا

وزیراعظم نے بچوں کو قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا
May 18, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف نے بچوں کو قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا۔

ملک میں پولیو کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس ہوا۔ وزیر اعظم کو وزارت صحت کے حکام کی جانب سے انسداد پولیو کے حوالے سے حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران پولیو کے تین کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے 25 اضلاع  پولیو پھیلاو کے حوالے سے ہائی رسک  قرار دیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے حالیہ پولیو کیسز کی دریافت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے تمام اداروں کو ملکر مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے تمام صوبائی حکومتوں کو انسداد پولیو مہم پر بھرپور توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر نئی انسداد پولیو مہم کا بھی آغاز کیا۔

 ادھر وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی۔ وزیراعلی سندھ  نے وزیراعظم کو صوبے کی انتظامی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر کو کراچی کا امن و امان خراب کرنے کی کسی طور پر اجازت نہیں دی جائیگی۔