Wednesday, May 8, 2024

وزیراعظم عمران خان تاریخی دورے پر ماسکو پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان تاریخی دورے پر ماسکو پہنچ گئے
February 23, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان دو روزہ تاریخی دورے پر ماسکو پہنچ گئے۔

وفد میں وزیر خارجہ، وزیر اطلاعات، وزیر توانائی اور دیگر حکام بھی شامل ہیں۔ روس کے ڈپٹی وزیر خارجہ اگورمارگولوو نے وزیراعظم کا استقبال کیا، ایئرپورٹ پر وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

صدر پیوٹن سے ملاقات اور وفود کے مذاکرات ہوں گے، گیس معاہدے پر پیشرفت متوقع ہے۔ عمران خان کی روسی تاجروں سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔

معاون خصوصی شہباز گل پہلے ہی ماسکو پہنچ چکے ہیں۔ نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کہا وزیراعظم کا دورہ تاریخی ثابت ہو گا۔ وزیراعظم کا دورہ روس انتہائی اہم ہے۔ ماضی میں روس کے ساتھ تعلقات اس سطح پر نہیں رہے۔ صورتحال بدل رہی ہے۔ دورے کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

روسی صدر کی دعوت پر کسی بھی پاکستانی وزیراعظم کا یہ 23 سال بعد روس کا دورہ ہے۔ یہی وجہ ہے روس، یوکرائن کشیدگی کے باوجود ماہرین اس دورے کو اہم قرار دے رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم اور روسی صدر کے مابین دوطرفہ ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے جن میں توانائی سمیت دوطرفہ تعاون کے امور کا جائزہ لیا جائے گا۔