Tuesday, May 7, 2024

وزیراعظم عمران خان روس کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان روس کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے
February 25, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان اپنے تاریخی دو روزہ دورہ روس مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے۔

وزیر اعظم نے اپنے دورہ روس کے دوران روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ون آن ون ملاقات کی۔ ملاقات میں  دو طرفہ تعلقات، علاقائی امور اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے  توانائی کے مختلف منصوبوں  پر تعاون کو بڑھانے پر زور دیا۔

وزیر اعظم عمران خان کی روس کے ڈپٹی وزیر اعظم  الیگذینڈر نواک  سے ہونے والی ملاقات میں  دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات حصوصا توانائی کے شعبے میں  تعاون کو بڑھانے کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے پاکستان اور روس کے درمیان فلیگ شپ اقتصادی منصوبے کے طور پر پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن کی اہمیت کا اعادہ کی۔

وزیر اعظم عمران خان نے چیچن ریپبلک کے سربراہ رمضان قادروف سے بھی ملاقات کی ۔ وزیراعظم نے رمضان قادروف کی قیادت میں گروزنی کی تعمیر نو اور چیچن میں تیزی سے توسیع کو سراہا۔ وزیر اعظم نے  ماسکو کیتھیڈرل مسجد کا بھی دورہ کیا۔ مفتی اعظم شیخ راول گیانوت الدین سے ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے دنیا بھر میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ مفتی اعظم نے وزیر اعظم کو مسجد کی تاریخ سے آگاہ کیا۔