Saturday, April 20, 2024

وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد 174 ووٹ سے کامیاب

وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد 174 ووٹ سے کامیاب
April 9, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد 174 ووٹ سے کامیاب ہوگئی۔  

اسپیکر اسد قیصر کے مستعفی ہونے پر ایاز صادق کی صدارت میں قومی اسمبلی اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی کارروائی مکمل کی گئی۔ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

ایاز صادق نے تحریک عدم اعتماد کے حق میں 174 ووٹ ڈالنے کا اعلان کیا۔ ن لیگ کے ارکان حکومتی بینچوں پر بیٹھ گئے، اپوزیشن ارکان کی جانب سے شہباز شریف کو مبارک دی گئی۔

شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے اکابرین کو سلام پیش کرتا ہوں، اپوزیشن نے انتہائی نظم وضبط کا مظاہرہ کیا۔ نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کروڑوں عوام کی دعائیں قبول ہوئیں، قوم کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔ ہماری ماؤں اور بیٹیوں نے جیلیں کاٹیں، ماضی کی تلخیوں میں نہیں جانا چاہتے، ہم بلاجواز کسی کے خلاف کارروائی یا جیلوں میں نہیں ڈالیں گے، قانون کے تحت کارروائی ضرور ہوگی۔