Thursday, May 2, 2024

وزیراعظم عمران خان کو دھمکی آمیز خط کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا

وزیراعظم عمران خان کو دھمکی آمیز خط کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا
March 30, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم عمران خان کو دھمکی آمیز خط کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا۔ عدالت سے تحقیقات کیلئے درخواست دائر کر دی گئی۔

درخواست میں وزیراعظم کو ملنے والے خط کی تحقیقات کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے اور مؤقف اپنایا گیا کہ عوام کو ذہنی تناؤ سے نکالنے کیلئے فوری مداخلت کی ضرورت ہے۔ دھمکی آمیز خط متعلقہ اداروں کو بھجوا کر تحقیقات کروائی جائیں۔ دھمکی آمیز خط تنہائی حساس اور سنجیدہ معاملہ ہے۔

قبل ازیں وفاقی وزراء چوہدری فواد حسین اور اسد عمر نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کی تھی۔ اسد عمر کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان کو دھمکی آمیز خط حقیقت ہے۔ 27 مارچ کے جلسے میں لاکھوں لوگ پہنچے۔ امر بالمعروف جلسے میں نظر آیا۔ قوم وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیر اعظم نے جلسے میں بیرونی طاقتوں کے ملوث ہونے کا ذکر کیا۔ وزیراعظم کا بیان کردہ مراسلہ قومی راز ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے مراسلہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو دکھانے کا فیصلہ کیا۔ مراسلے کے متن میں عدم اعتماد سے متعلق حصہ ہے۔ عدم اعتماد پیش ہونے سے قبل مراسلہ موصول ہوا۔

فواد چودھری کا کہنا تھا ملکی تاریخ میں بیرون سازش کوئی نئی بات نہیں۔ بیرون ہاتھ اور تحریک عدم اعتماد آپس میں جڑے ہیں۔ وزیراعظم نے چیف جسٹس کو پاکستان کا بڑا ہونے کے حیثیت سے خط دکھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان دلیری سے عوام کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان پاکستانی عوام سے جڑے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم کی مقبولیت کے باعث بیرونی عناصر خوف زدہ ہیں۔ نوازشریف کی اسرائیلی سفارتکار سے ملاقاتیں ریکارڈ پر ہیں۔