Friday, April 26, 2024

وزیراعظم عمران خان کی برطانوی شہزادہ چارلس کو دورہ پاکستان کی دعوت

وزیراعظم عمران خان کی برطانوی شہزادہ چارلس کو دورہ پاکستان کی دعوت
February 11, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پاک برطانیہ سفارتی تعلقات کے 75 سالہ جشن کی تیاریاں جاری ہیں، وزیراعظم عمران خان نے برطانوی شہزادہ چارلس کو دورہ پاکستان کی دعوت دیدی۔

پی ٹی آئی رہنماء زلفی بخاری کی شہزادہ چارلس سے ملاقات ہوئی، زلفی بخاری نے وزیراعظم کی جانب سے تہنیتی پیغام پہنچایا، انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے شہزادہ چارلس کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

اس موقع پر زلفی بخاری نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ قریبی دوست اور دیرینہ شراکت دار ہیں۔ پاک برطانیہ سفارتی تعلقات کے 75 سالہ جشن کو شاندار طریقے سے منانا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان شہزادہ چارلس اور ان کی اہلیہ کمیلا کے دورہ پاکستان کے لیے منتظر ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم امید کرتے ہیں رواں سال آپ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ دورہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی عالمی کاوشوں کے لیے کارگر ثابت ہوگا۔

شہزادہ چارلس نے وزیراعظم عمران خان اور زلفی بخاری کا دورہ پاکستان کی دعوت اور افغانستان سے برطانوی شہریوں اور سفارتی عملہ کے محفوظ انخلاء پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

برطانوی شہزادہ چارلس نے کہا کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ تاریخی تعلقات ہیں۔ پرنس آف ویلز نے خطہ میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو بھی سراہا، وزیراعظم عمران خان کی موحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔ کہا کہ عمران خان کی قیادت میں عالمی اُمور پر پاکستان کے مثبت کردار کو پذیرائی ملی ہے۔

واضح رہے کہ پرنس ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ نے بھی گزشتہ برس پاکستان کا دورہ کیا تھا۔