Sunday, September 8, 2024

وزیراعظم عمران خان کا بحرین کے ولی عہد کو ٹیلی فون، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال

وزیراعظم عمران خان کا بحرین کے ولی عہد کو ٹیلی فون، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال
January 25, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بحرین کے ولی عہد کو ٹیلی فون کیا۔ اس دوران دوطرفہ تعلقات کے فروغ، باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا ولی عہد، ڈپٹی سپریم کمانڈر اور مملکت بحرین کے وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ ولی عہد نے 20 جنوری 2022 کو لاہور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی۔ واقعے میں تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ بحرین کے وزیراعظم نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

ولی عہد نے پاکستان کے عوام، قیادت اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔ وزیراعظم نے بحرین کی حمایت اور یکجہتی کے ساتھ ساتھ ہمدردی اور تعزیت پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر میں لڑنے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے اور کثیرالجہتی فورمز میں تعاون بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر قریبی رابطہ کاری کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔