Friday, April 26, 2024

وزیراعظم کو نوشکی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، آئی ایس پی آر

وزیراعظم کو نوشکی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، آئی ایس پی آر
February 8, 2022 ویب ڈیسک

نوشکی (92 نیوز) نوشکی اور پنجگور حملوں کے بعد وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جوانوں کا حوصلہ بڑھانے بلوچستان پہنچ گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم کو نوشکی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ۔ عمران خان نے دہشت گردوں کے حملے پسپا کرنے پر فوجی افسروں اور جوانوں کی جرات کو سراہا۔ لازوال قربانیوں پر شہدا اور خاندانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

اپنے دورے کے آغاز پر وزیراعظم عمران خان پہلے کوئٹہ پہنچے جہاں وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے ان کا استقبال کیا۔

اس کے بعد وزیراعظم دلیری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والے فوجی جوانوں سے ملنے نوشکی پہنچے جہاں گورنر سید ظہور آغا ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ وزیراعظم نے آرمی چیف کے ہمراہ  فوجی جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے کی تعریف کی۔

اس کے بعد جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا  غیر ملکی قوتیں پاکستان کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں۔ وزیراعظم نے ایف سی اور رینجرز کی تنخواہوں میں پندرہ فیصد اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں اتنی ترقی ہوگی، کوئی دہشتگردوں کی بات نہیں سنے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں مہنگائی کا طوفان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ جیسے ہی حکومت کی آمدنی بڑھے تو تنخواہ دار طبقے کی تنخواہوں میں مزید اضافہ کیا جائے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج نے مشکل حالات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی، انہوں نے کہا پوری قوم اپنی بہادر افواج کے پیچھے کھڑی ہے۔