Thursday, May 2, 2024

وزیراعظم کو جمہوری طریقے سے نکال رہے ہیں، بلاول بھٹو

وزیراعظم کو جمہوری طریقے سے نکال رہے ہیں، بلاول بھٹو
April 2, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو جمہوری طریقے سے نکال رہے ہیں کوئی غیرجمہوری حرکت نہیں ہونی چاہئے۔

ہفتہ کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خبر پہنچی ہے کہ ہارا ہوا شخص کوشش کرے گا کہ پارلیمان کے اندر یا باہر تصادم ہو۔ وزیراعظم پہلے کہتے تھے ہاروں گا نہیں، اب کہتے ہیں مانوں گا نہیں، یہ کس طرح کا کھلاڑی ہے جو آؤٹ ہوکر وکٹ پر لیٹ جاتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے آپ کو اس مشکل سے نکالنے کی ہر کوشش کی ہے، یہ وزیراعظم کی پہلی کوشش نہیں ہے، ان کے وزراء ہمارے ارکان سے تحریک عدم اعتماد واپس لینے کی بھیک مانگ رہے ہوتے تھے۔ تب بھی ہمارا جواب تھا ’’ ایبسولوٹلی ناٹ ‘‘ اب بھی جواب ہے ایبسولوٹلی ناٹ۔

چئیرمین پیپلزپارٹی بولے عمران خان ڈونلڈٹرمپ کے سامنے بیٹھ کر بہت خوش ہوتے تھے، عمران خان امریکی صدر سے متاثر ہوکر ڈونلڈٹرمپ بننا چاہتے ہیں۔ ان کا مقدمات بنانے کا وقت ختم ہوگیا، اب ہم مقدمات بنائیں گے۔ ہماری عدلیہ کسی غیرجمہوری اور غیرآئینی اقدام کی اجازت نہیں دے گی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم کوئی بیک ڈور راستہ تلاش نہ کریں، دو ہی راستے ہیں استعفیٰ دیں یا عدم اعتماد کا مقابلہ کریں۔ اب رونا دھونا بند کریں۔ کل ہم بھی پارلیمان میں وزیراعظم کو سرپرائز دیں گے۔