Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم کو دھمکی آمیز خط حقیقت ہے، اسد عمر

وزیراعظم کو دھمکی آمیز خط حقیقت ہے، اسد عمر
March 29, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان کو دھمکی آمیز خط حقیقت ہے۔

 وفاقی وزراء چوہدری فواد حسین اور اسد عمر نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کی۔ اسد عمر نے کہا 27 مارچ کے جلسے میں لاکھوں لوگ پہنچے۔ امر بالمعروف جلسے میں نظر آیا قوم وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیر اعظم نے جلسے میں بیرونی طاقتوں کے ملوث ہونے کا ذکر کیا۔ وزیراعظم کا بیان کردہ مراسلہ قومی راز ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے مراسلہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو دکھانے کا فیصلہ کیا۔ مراسلے کے متن میں عدم اعتماد سے متعلق حصہ ہے۔ عدم اعتماد پیش ہونے سے قبل مراسلہ موصول ہوا۔

اسد عمر نے کہا مراسلے میں براہ راست عدم اعتماد کی تحریک کا ذکر ہے۔ مراسلے میں تحریر ہے کہ عدم اعتماد ناکام ہوئی تو نتائج خطرناک ہوں گے۔ مراسلہ اعلیٰ ترین سول، ملٹری شخصیات سے شیئر کیا گیا ہے۔ مراسلے میں کی گئی باتیں پاکستان کی خارجہ پالیسی سے جڑی ہیں۔ بیرونی ہاتھ،عدم اعتماد آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔ نوازشریف کی ملاقاتیں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا حصہ ہیں۔ پی ڈی ایم کی سینئر قیادت اس بات سے بے خبر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا مراسلے کا براہ راست تعلق عوام سے بھی ہے۔ وزیراعظم عمران خان عوام کو آگاہ کرنا ضروری سمجھتے ہیں۔ اپوزیشن کے لوگوں کو خود معلوم نہیں تحریک عدم اعتماد کے پیچھے کون ہے۔ اپوزیشن کے لوگ لاعلمی کے باعث اس سازش کا حصہ ہیں۔

 ادھر فواد چودھری بولے ملکی تاریخ میں بیرون سازش کوئی نئی بات نہیں۔ بیرون ہاتھ اور تحریک عدم اعتماد آپس میں جڑے ہیں۔ وزیراعظم نے چیف جسٹس کو پاکستان کا بڑا ہونے کے حیثیت سے خط دکھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان دلیری سے عوام کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان پاکستانی عوام سے جڑے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم کی مقبولیت کے باعث بیرونی عناصر خوف زدہ ہیں۔ نوازشریف کی اسرائیلی سفارتکار سے ملاقاتیں ریکارڈ پر ہیں۔