Saturday, April 20, 2024

وزیراعظم کو اپنے ممبران پر یقین ہے تو پارلیمنٹ آنے پر پاپندی کیوں لگا رہے ہیں، مریم اورنگزیب

وزیراعظم کو اپنے ممبران پر یقین ہے تو پارلیمنٹ آنے پر پاپندی کیوں لگا رہے ہیں، مریم اورنگزیب
March 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان کو اپنے ممبران پر یقین ہے تو پارلیمنٹ آنے پر پاپندی کیوں لگا رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا ممبران کو پارلیمنٹ آنے سے روکنا آئین کی مخالفت ہے۔ ممبران پارلیمنٹ بھی آئیں گے اور آپکو ووٹ بھی نہیں دیں گے۔ اپنا ووٹ استعمال کرنا ہر شخص کا آئینی حق ہے۔ آئین کے آرٹیکل 15 کے تحت رکن قومی اسمبلی ہو یا کسی عام شہری کی نقل وحرکت پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی۔ رکن قومی اسمبلی کو اپنے جمہوری حقوق کی ادائیگی سے نہیں روکا جا سکتا۔ آئین کے آرٹیکل 17 کے تحت سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا، رائے دہی کا استعمال رکن قومی اسمبلی کا بنیادی آئینی حق ہے۔ رکاوٹیں کھڑی کرکے اسمبلی تک نہ پہنچنے دینا آئین شکنی کے زمرے میں آتا ہے۔ ان اقدامات کا ارتکاب کرنے والوں کو آئین میں درج سزا کی شکل میں اپنی دستور شکنی کی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔

عظمی بخاری بولیں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد عوام کی آواز ہے۔ امید ہے اتحادی جماعتیں عوام کے ساتھ ہوں گی۔ بزدار صاحب جلداز جلد الوداعی ملاقاتیں کر لیں۔ عمران خان کے بعد عثمان بزدار کا نمبر آئے گا۔ عثمان بزدار سی ایم میس سے جتنے مٹن پلاؤ اور ہرن کھانے تھے کھالیےاب جیل کی دال روٹی کھانے کا وقت آگیا ہے۔ عمران خان اور عثمان بزدار نے چار سال اپنے ایم این اے اور ایم پی ایز کو شکل نہیں دکھائی۔ یہ ملاقاتیں صرف "کرسی بچاؤ" کے تحت ہو رہی ہے۔ اب نہ کرسی رہے گی نہ شاہی پروٹوکول رہے گا۔ چھپن چھپائی کا کھیل بند کریں اور قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں۔