Wednesday, April 24, 2024

وزیراعظم کی پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنیکی ہدایت

وزیراعظم کی پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنیکی ہدایت
May 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ کہا کہ سی پیک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کسی صورت قابل قبول نہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان میں چینی شہریوں کی سکیورٹی کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزارت داخلہ اور سکیورٹی حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم کو چینی شہریوں کی سیکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے متعقلہ اداروں کو چینی شہریوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ چینی شہریوں کے ساتھ ساتھ ملک میں امن و امن کی صورتحال کو بہتر کرنے کیلئے بھی فوری اقدامات کئے جائیں۔ سی پیک کو کسی طرح بھی نقصان پہنچانے کی کوشش قابل قبول نہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چینی کمپنی سائنو ویک کے وفد نے بھی ملاقات کی، وزیرِاعظم کو کورونا کے دوران سائنو ویک کی طرف سے پاکستان کو فراہم کی گئی ویکسین کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

سائنو ویک نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرکے بیماریوں کی تشخیص، بچاؤ اور علاج کے لیے ایک جوائنٹ وینچر بنانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے چینی کمپنی کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا کی یقین دہانی کرائی۔