Thursday, April 18, 2024

وزیراعظم شہبازشریف 13 رکنی وفد کے ہمراہ 3 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

وزیراعظم شہبازشریف 13 رکنی وفد کے ہمراہ 3 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے
April 28, 2022 ویب ڈیسک

مدنیہ منورہ (92 نیوز) – وزیراعظم شہبازشریف 13 رکنی وفد کے ہمراہ 3 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے گورنر مدینہ سے ملاقات کی، دو طرفہ اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر مدینہ نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔

وزارت اعظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد سعودی عرب کے پہلے دورے میں وزیراعظم سعودی قیادت اور حکام سے باہمی دلچسپی کے اُمور، علاقائی و بین الاقوامی امور، اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔

ذرائع کےمطابق دورے کے دوران سعودی عرب سے اضافی فنڈز ملنے کی توقع ہے۔ سعودی پیکج کا حجم 4.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 7.4 ارب ڈالر ہونے کا امکان ہے، ڈیپازٹس اور ادھار تیل پر مبنی 4.2 ارب ڈالر کی سعودی سہولت پہلے سے جاری ہے۔ 2 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس اور ایک ارب ڈالر تیل کی سہولت کی درخواست کی جائیگی۔ پاکستان کی جانب 3 ارب 20 کروڑ ڈالر اضافی پیکج کی درخواست بھی کی جائے گی۔ موجودہ پیکج ایک سال کیلئے رول اوور کرنے کی درخواست بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر مدینہ منورہ میں 13 رکنی وفد کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی بھی کرینگے۔