Saturday, May 18, 2024

وزیراعظم کی چینی صدر سے ملاقات، باہمی اور عالمی اُمور پر تبادلہ خیال

وزیراعظم کی چینی صدر سے ملاقات، باہمی اور عالمی اُمور پر تبادلہ خیال
February 6, 2022 ویب ڈیسک

بیجنگ (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین مکمل ہو گیا، پاکستان کے لیے روانگی سے قبل ‏وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے عالمی اور باہمی معاملات پر گفتگو کی۔ 

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان کو بحران سے بچانے کیلئے ممالک میں ہم آہنگی کی ضرورت ہے، جبکہ چینی صدر شی جن پنگ نے کہا چین پاکستان سے دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے پر یقین رکھتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز عوامی گریٹ ہال میں چینی صدر کی جانب سے ظہرانے میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم اور عالمی رہنماؤں نے گروپ تصویر بھی بنوائی۔ وزیر اعظم عمران خان نے چین میں مختلف کمپنیوں کے سربراہوں سے بھی ملاقاتیں کی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین کے دوران بیجنگ میں چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے اُمور، علاقائی وبین الاقوامی اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان پارٹنر شپ بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ازبک صدر شوکت مرزایوف کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے ٹرانس افغان ریلوے پراجیکٹ کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، کہا پاکستان ازبکستان میں سیاحت عوامی رابطہ بنکنگ براہ راست فلائٹس کی بحالی ہونی چاہیے۔ دونوں ممالک نے عالمی برادری پر افغانستان کی معاشی انسانی امداد پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم عمران خان چین کے کامیاب دورے کے بعد واپس پاکستان کے لیے روانہ ہوگئے۔