Friday, April 26, 2024

وزیراعظم کا گوادر میں رہائشی کالونی کیلئے 200 ایکڑ اراضی دینے کا اعلان

وزیراعظم کا گوادر میں رہائشی کالونی کیلئے 200 ایکڑ اراضی دینے کا اعلان
June 24, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہبازشریف کا گوادر میں رہائشی کالونی کیلئے 200 ایکڑ اراضی دینے اور مقامی ماہی گیروں کو کشتیوں کے لیے انجن بھی فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

شہر کے اپنے ایک روزہ دورے کے دوران گوادر میں مقامی ماہی گیروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک ماہ میں ان کے گوادر کے دوسرے دورے کا مقصد ماہی گیروں سے براہ راست بات چیت کرنا اور ان سے متعلق مسائل پر ان کی رائے حاصل کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر مشاورت کے لیے بلوچستان حکومت کو آن بورڈ لے گی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بلوچستان کی ترقی کے لیے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں 100 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ گوادر میں پانی کی فراہمی کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر یونیورسٹی کے لیے بھی فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں۔

چاروں صوبوں کو بھائی قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے ان کے درمیان وسائل کی تقسیم کی اہمیت پر زور دیا۔