Friday, March 29, 2024

وزیراعظم کا گندم خریداری اہداف پورے نہ ہونیکا نوٹس، موسمیاتی تبدیلی پر ٹاسک فورس قائم

وزیراعظم کا گندم خریداری اہداف پورے نہ ہونیکا نوٹس، موسمیاتی تبدیلی پر ٹاسک فورس قائم
May 16, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف نے گندم کی خریداری کے اہداف پورے نہ ہونے کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر موسمیاتی تبدیلی پر فوری طور پر ٹاسک فورس بھی قائم کر دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گندم کی خریداری کے اہداف پورے نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرتے ہوئے یکم جون تک گندم کی خریداری کے اہداف پورے کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صوبوں کو گندم کی خریداری کے لیے دئیے گئے اہداف پورے نا کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے درآمد کی جانے والی گندم کی صوبوں میں شفاف تقسیم کے لیے فوری کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کردی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو کسی صورت مشکل میں نہیں ڈالا جا سکتا۔ وفاقی حکومت ہر صورت کم قیمت پر آٹا فراہم کرے گی۔ صوبے یکم جون تک گندم خریداری کے اہداف پورے کریں۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِصدارت حالیہ گرمی کی شدید لہر اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس بھی ہوا۔ وزیرِاعظم کو موسمیاتی تبدیلی سمیت چولستان میں پانی کی قلت پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے موسمی حالات اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کرنے ہدایت کی۔

وزیرِاعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہنزہ دورہ کرنے اور شسپر گلیشئیر واقعے سے ہونے والے نقصانات کا فوری ازالہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر موسمیاتی تبدیلی پر فوری طور پر ٹاسک فورس بھی قائم کر دی گئی۔