Thursday, April 18, 2024

وزیراعظم کا چینی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، کراچی حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس

وزیراعظم کا چینی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، کراچی حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس
May 16, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف کا چینی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، وزیراعظم نے جامعہ کراچی حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر اظہارِافسوس کیا۔

وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی یقین دہانی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ تعلقات اہمیت دیتا ہے، پاکستان میں چینی باشندے کی سکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

دونوں جانب سے دوطرفہ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی ترقی کے لیے چین کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا اور اس کے بنیادی مفاد کے تمام مسائل پر چین کی حکومت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم لی نے وزیراعظم کو چین کی جانب سے اقتصادی تعاون بڑھانے، تجارت کو وسعت دینے اور چین سے پاکستان میں زیادہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاک چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو دونوں ممالک کے عوام کے اہم مفادات کے ساتھ ساتھ ابھرتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے درمیان امن اور استحکام کے وسیع تر مفادات کی خدمت جاری رکھنی چاہیے۔

اس مقصد کے لیے، دونوں فریقوں نے دو طرفہ تعاون کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے لیے تبادلوں کی رفتار کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔