وزیراعظم کا بڑی صنعتوں پر 10 فیصد سپر ٹیکس لگانے کا اعلان

اسلام آباد (92 نیوز) - ڈوبتی معیشت کو بچانے کیلئے حکومت کے سخت فیصلے سامنے آ گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بڑی صنعتوں پر 10 فیصد سپر ٹیکس لگانے کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم نے کہا سیمنٹ، اسٹیل، آئل اینڈ گیس، فرٹیلائزر، ٹیکسٹائل سیکٹر پر ٹیکس لگے گا۔ ایل این جی، آٹو اور سگریٹ، شوگر انڈسٹری پر بھی ٹیکس لگے گا۔ سالانہ 15 کروڑ روپے کمانے والوں پر ایک فیصد ٹیکس عائد ہو گا۔ سالانہ 20 کروڑ روپے کمانے والوں پر 2 فیصد ٹیکس عائد ہو گا۔ سالانہ 25 کروڑ روپے کمانے والوں پر 3 فیصد ٹیکس عائد ہو گا۔
شہباز شریف نے کہا غربت کم کرنے کے لیے صاحب حیثیت افراد پر ٹیکس لگا رہے ہیں۔ سالانہ 2 ہزار ارب روپے ٹیکس غائب ہو جاتا ہے۔ ٹیکس کلیکشن کیلئے تمام اداروں کو متحرک کر دیا ہے۔ سخت فیصلوں سے وقتی مشکلات ہوں گی مگر آگے آسانیاں آئیں گی۔