Saturday, May 18, 2024

وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی مستعفی

وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی مستعفی
April 14, 2022 ویب ڈیسک

مظفر آباد (92 نیوز) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی مستعفی ہوگئے، صدر نے استعفی منظور کر لیا۔

وفاق کے بعد آزاد کشمیر میں بھی سیاسی منظرنامہ تبدیل ہوگیا، پی ٹی آئی اراکین نے اپنی ہی جماعت کے وزیراعظم پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی مستعفی ہوگئے، اسلام آباد میں بطور وزیراعظم آخری پریس کانفرنس کی اور کہا کہ باوقار طریقے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا میرٹ کی پامالی سمیت کرپشن کے الزام عائد کیے گئے۔

مستعفی ہونے سے قبل وزیر اعظم نے اپنے کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے والے پانچوں وزراء کو بھی برطرف کردیا۔ برطرف کئے جانیوالے وزراء میں سینئر وزیر سردار تنویر الیاس، عبد الماجد خان، علی شان سونی ، خواجہ فاروق اور اکبر ابراہیم شامل ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کیخلاف جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد پر 25 اراکین کے دستخط موجود ہیں۔ جن میں انکی اپنی ہی جماعت تحریک انصاف کے 24 اراکین شامل ہیں تاہم وزیراعظم کے استعفی کے ساتھ ہی ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد ختم ہو جائے گی۔