Thursday, March 28, 2024

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت
February 11, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز مخدوم طارق محمود الحسن اور اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے نئے وائس چیئرمین ڈاکٹر شاہد محمود کی ملاقات ہوئی۔

عثمان بزدار نے مخدوم طارق محمودالحسن اور ڈاکٹر شاہد محمود کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے مخدوم طارق محمودالحسن کی خدمات کو سراہا اور سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے ڈاکٹر شاہد محمود کو گائیڈ لائنز دیں۔

عثمان بزدار نے کہا بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا ہے۔ سابق حکمرانوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو صرف نعروں سے بہلایا۔ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی مخالفت کرکے اپوزیشن نے دوغلے پن کا مظاہرہ کیا۔ ہماری حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے جامع پالیسی بنائی ہے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب بولے ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کر سکتے۔ حکومت پنجاب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق اور املاک کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔