Thursday, April 18, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت صفائی انتظامات کا اجلاس، صفائی کے لیے کمشنرز سے ڈیڈ لائن طلب

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت صفائی انتظامات کا اجلاس، صفائی کے لیے کمشنرز سے ڈیڈ لائن طلب
May 14, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت صفائی انتظامات سے متعلق اجلاس ہوا۔ حمزہ شہباز نے شہروں ،دیہات کی صفائی کےلیے کمشنرز سے ڈیڈ لائن طلب کر لی۔

س اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا سابق حکومت نے ہمارے صاف پنجاب کا برا حال کرکے چھوڑا۔ چھوٹے شہر اور قصبے سے لے کر بڑے شہر صاف ستھرے نظر آنے چاہئیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت صوبے کو ایک بار پھر صاف ستھرا کرے گی۔ میں یہ برداشت نہیں کر سکتا کہ میرے بہن بھائی گندے ماحول میں رہیں۔ اپنے بہن بھائیوں کو صاف ماحول دینا ہمارا فرض اور ان کا بنیادی حق ہے۔

حمزہ شہباز بولے افسران خود فیلڈ میں نکلیں اور وزٹ کرکے عوامی مسائل اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیں۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں ڈلیور کرکے دکھائیں، صفائی پر کمپرومائز نہیں ہو گا۔ صوبے بھر میں مستقل صفائی ستھرائی کیلئے فول پروف میکانزم وضع کیا جائے ۔ عملے اور موجودہ وسائل کو پوری طرح استعمال میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا صفائی کے حوالے سے ہر جگہ سے اچھی خبریں آنی چاہئیں۔ صفائی کو مستقل طور پر جاری رکھا جائے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا صفائی کے مستقل عمل کو یقینی بنانے کیلئے میسر وسائل کا بھرپور استعمال کیا جائے۔ گلیوں، بازاروں اور محلوں کی صفائی گڈ گورننس کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اضلاع کے دورے کرکے پرائس کنٹرول اور صفائی کے حوالے سے اقدامات کا خود جائزہ لوں گا۔