Sunday, September 8, 2024

وزیراعلی پنجاب کی سانحہ مری جیسے حادثات سے بچنے کیلئے کمیٹی کی سفارشات کی منظوری

وزیراعلی پنجاب کی سانحہ مری جیسے حادثات سے بچنے کیلئے کمیٹی کی سفارشات کی منظوری
January 20, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے سانحہ مری جیسے حادثات سے بچنے کیلئے کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دے دی۔

متعلقہ محکموں کو فوری طور پر اقدامات کا حکم دے دیا گیا۔ عثمان بزدار نے مری کو ضلع کا درجہ دینے اور محکمہ موسمیات کا دفتر قائم کرنے کی منظوری بھی دی۔

تحقیقاتی رپورٹ کے تناظر میں وزیراعلی پنجاب نے گزشتہ روز پندرہ افسروں کی معطلی اور انضباطی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔ اے ایس پی مری اور ڈی ایس پی ٹریفک مری کو بھی معطل کیا گیا تھا۔ ریسکیو 1122 مری کے انچارج اور دیگر افسروں کو بھی ہٹا دیا گیا تھا۔

تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق افسران نے صورتحال کو سنجیدہ لیا نہ کسی پلان پر عملدرآمد کیا، افسران تمام مینجمنٹ واٹس ایپ پر کرتے رہے، کئی افسران نے واٹس ایپ میسجز بھی تاخیر سے دیکھے۔

رپورٹ میں سی پی او، سی ٹی او مری بھی غفلت کے ذمہ دار قرار پائے تھے ، محکمہ جنگلات، ریسکیو 1122 کا مقامی آفس بھی ڈلیور نہ کرسکا، ہائی وے محکمہ بھی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہا، سانحہ مری انتظامیہ کی کوتاہی سے ہوا تھا ۔