Saturday, April 20, 2024

وزیراعلی پنجاب کا ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور میانوالی میں سیلاب متاثرین کی مالی امداد کا اعلان

وزیراعلی پنجاب کا ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور میانوالی میں سیلاب متاثرین کی مالی امداد کا اعلان
July 31, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفرگڑھ اور میانوالی میں سیلاب متاثرین کے لئے مالی امداد کا اعلان کر دیا۔

چودھری پرویزالہی وزرات اعلی کا منصب سنبھالتے ہی متحرک ہو گئے۔ وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ڈی جی خان ، راجن پور، مظفرگڑھ اور میانوالی میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ چودھری پرویز الہی نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری میڈیکل کیمپس لگانے کی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا سیلاب سے متاثرہ بہن بھائیوں کوتنہا نہیں چھوڑیں گے، جلد سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کروں گا۔ چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا پنجاب حکومت سیلاب میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین کو 8،8لاکھ روپے مالی امداد دیگی۔ گھروں، فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرہ افراد کی مالی معاونت کی جائے گی۔

وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خشک راشن تقسیم کیا جائے اور سیلابی پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔ ذمہ داران متاثرین کی دادرسی کے لیے کوئی کسراٹھا نہ رکھیں اور امدادی کارروائیوں کی باقاعدگی سے رپورٹ پیش کی جائے۔

وزیراعلی پنجاب نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی جلد تعمیرو مرمت کا بھی حکم دیا۔ ان کا کہنا تھا سڑکوں کی بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر شروع کیا جائے۔