Wednesday, May 8, 2024

پٹرولیم مصنوعات مہنگی نہ کرتے تو خدانخواستہ پاکستان ڈیفالٹ کرجاتا، مفتاح اسماعیل

پٹرولیم مصنوعات مہنگی نہ کرتے تو خدانخواستہ پاکستان ڈیفالٹ کرجاتا، مفتاح اسماعیل
May 28, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے پٹرولیم مصنوعات مہنگی نہ کرتے تو خدانخواستہ پاکستان ڈیفالٹ کرجاتا، جس کی آمدن 40 ہزار ماہانہ سے کم ہے اسے 2 ہزار وظیفہ دیا جائے گا۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے سستا پٹرول، سستا ڈیزل سکیم کا آغاز کیا ہے۔ ایک کروڑ 40 لاکھ گھرانےایسے ہیں جن کی آمدن 40 ہزار سے کم ہے۔ یکم جون سے 786 پر کال کر کے اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیجیں۔ پاکستان کا ہر شہری اپنی آمدن کا اوسطاً 5 فیصد ٹرانسپورٹ پر خرچ کرتا ہے۔ بی آئی ایس پی کے ساتھ وزیراعظم سستا تیل پیکج جاری رہے گا۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ان گھرانوں کو ادائیگی جون سے کی جائےگی۔ شناختی کارڈ کےذریعے تصدیق کے بعد 2 ہزار روپے ادا کیے جائیں گے۔ سستا پٹرول، سستا ڈیزل پروگرام کے تحت 2 ہزار روپےملیں گے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ  پٹرول  کی قیمت خوشی سے نہیں بڑھائی۔ بین الاقوامی منڈی میں بڑھ گئی تھی ۔ حکومت کا ڈیزل کی مد میں سبسڈی ختم کرنے کا ارادہ تھا۔ 114 روپے سبسڈی ختم اور 30 روپے لیوی لگنے سے بڑھتےہیں تاہم ہم ابھی اضافی ٹیکس نہیں لگارہے۔ ڈیزل کی قیمت بڑھنے سے اندازہ ہے کہ بسوں کے کرائے بھی بڑھیں گے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر اگلے سال وظیفے میں اضافہ بھی کریں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ بجلی کی قیمت بڑھانے کی میرے پاس کوئی سمری نہیں ہے، آئی ایم ایف سے اس بار نجکاری کی کوئی بات نہیں ہوئی۔