Wednesday, May 8, 2024

تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا استحقاق، آئینی طریقے سے مقابلہ کریں گے، شاہ محمود

تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا استحقاق، آئینی طریقے سے مقابلہ کریں گے، شاہ محمود
February 14, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر ایوارڈ نہ ملنے کا شکوہ کر دیا۔

سوموار کے روز ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے اجلاسوں میں وزارت خارجہ کی تعریف کی، یہاں تک کہا کہ چین میں اتنی کامیابی پہلے کبھی نہیں ملی، دنیا بھر سے لوگ 23 مارچ کی پریڈ میں آرہے ہیں، تمام مسلم امہ کے وزراء خارجہ شریک ہونگے، تعریف کے باوجود وزارت خارجہ کو لسٹ سے باہر رکھا گیا۔

شاہ محمود نے کہا افغانستان میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے دفتر خارجہ نے جو کردار ادا کیا دنیا اسکی تعریف کر رہی ہے۔ یورپی یونین نے وزیراعظم کو دورے کی دعوت دی امریکا نے پاکستان کے حق میں بیان دیا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا استحقاق ہے ضرور پیش کریں ہم مقابلہ کریں گے۔ اپوزیشن کی صفوں میں یکسوئی نہیں، ن لیگ میں دو دھڑے ہیں۔ جن کا پیٹ چاک کرکے پیسہ نکالنے کا بیان دیتے تھے ان سے بغل گیر ہو رہے ہیں۔

وزیرخارجہ بولے کہ پیپلز پارٹی ابھی انتخابات نہیں چاہتی مگر ن لیگ چاہتی ہے، ن لیگ کا بیانیہ دفن ہو گیا جب وہ چودھری برادران کے در پر چل کر گئے۔ کوئی کہے کہ میں آنا چاہتا ہوں تو کوئی منع تھوڑی کرے گا چودھری برادران نے ویلکم کیا ووٹ کا وعدہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ 26 تاریخ کو تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں شرکت کروں گا۔ سندھ کے حقوق کا تحفظ کرنے نکلے ہیں، قابض لوگوں سے سندھ کو آزاد کروائیں گے۔ بلاول بیٹا تیاری کر لو تمہارے سوالوں کا جواب تمہارے گھر میں دوں گا۔ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی میدان میں اترے گی، عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ امیدوار خود نامزد کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا جنوبی پنجاب کا فنڈ جنوبی پنجاب پر ہی خرچ ہو گا کوئی اسے باہر منتقل نہیں کر سکتا، کاشتکاروں کو تحریک انصاف کے دور میں جو قیمتیں ملی ہیں اس کا ن لیگ دور سے موازنہ کر کے دیکھیں۔ حکومت نے کھاد بنانے والی فیکٹریوں کو گیس فراہمی جا ری رکھی تاکہ کسانوں کو کھاد مل سکے۔ بجلی یقینا مہنگی ہوئی یہ ن لیگ دور کے معاہدے کا خمیازہ ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ تلمبہ واقع قابل مذمت ہے، اس شخص کو پولیس کے حوالے کرنا چاہیے تھا قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کاروائی ہوگی۔

وزیرخارجہ بولے کہ اللہ اکبر کے نعرے بلند کرنے پر اس بچی مسکان کو خراج تحسین پیش کروں گا، ہندوستان کا چہرہ سب کے سامنے واضح ہو گیا ہے۔