Monday, May 13, 2024

وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے عمران خان کا قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ مسترد کر دیا

وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے عمران خان کا قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ مسترد کر دیا
December 5, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیرخارجہ اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کا قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ مسترد کر دیا۔

غیرملکی میڈیا کو انٹرویو میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا ملک میں کوئی غیر معمولی یا ایمرجنسی کی صورتحال نہیں، اس لئے ملک میں قبل ازوقت انتخابات کرانے کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ منقسم ملک اور تباہ حال معیشت گزشتہ حکومت سے ورثے میں ملی تاہم اس وقت اتحادی حکومت میں پورے ملک سے نمائندگی ہے اور اتحادی جماعتیں مل کر مسائل کے حل کے لیے کام کررہی ہیں۔ عمران خان کے قبل از وقت انتخابات کے مطالبہ سے ملک مضبوط نہیں ہو گا، یہ مطالبہ صرف اپنے سیاسی ایجنڈا کو آگے بڑھانے کے لئے کیا جا رہا ہے۔

بلاول بھٹو ززداری نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے ہم دنیا سے الگ ہوکر رہ گئے تھے۔ گزشتہ حکومت کے خاتمے سے متعلق امریکا پر الزامات میں کوئی حقیقت نہیں، یہ صرف سیاسی مقاصد کے لیے لگائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اورنریندر مود ی کے حکومت میں آنے کے بعد بھارت اور کشمیر میں مسلمانوں کیلئے جگہ تنگ کر دی گئی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے لوگ پرامن طور پر رہنا چاہتے ہیں ،اس مقصد کے حصول کیلئے ضروری ہے کہ مسائل کے حل کیلئے عالمی کنونشز اورقوانین کا احترام کیا جائے۔ افغانستان کے بارے میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے افغان حکومت کے ساتھ ملکر کام کرے گا۔