وزیرداخلہ ٹی وی پر آکر روز کہتے ہیں فلاں کو خطرہ ہے، کیا آپکا کام تحفط فراہم کرنا نہیں؟ فواد چودھری
لاہور (92 نیوز) - پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فواد چودھری نے رانا ثناء اللہ کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا کہ وزیرداخلہ ٹی وی پر آکر روز کہتے ہیں فلاں کو خطرہ ہے، کیا آپ کا کام سب کو تحفظ فراہم کرنا نہیں ہے؟
جمعہ کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رانا ثنااللہ کے مذاکرات پر ہم نے کہا تھا اگر حکومت الیکشن کی تاریخ دینے کو تیار ہے تو ہم بھی بیٹھنے کو تیار ہیں۔ خواجہ آصف جو مرضی کر لیں انکا فیس سیو نہیں ہوسکتا۔
فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان کی صحت بہتر ہے، کل راولپنڈی کے لیے راونہ ہونگے، یہ جدوجہد عمران خان کا ذاتی مسئلہ نہیں، عمران خان عوام کے حقوق کے لیے باہر نکلے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ مافیا کے ساتھ لڑائی اور حقیقی آزادی جنگ آخری مراحل میں ہے۔ عوام کا حق چاہتے ہیں کہ وہ اپنی حکومت منتخب کرسکیں اور یہ صرف الیکشن سے ہی ممکن ہے۔ اشرافیہ ضد چھوڑے اور عوام کے سامنے سر تسلیم خم کرے۔
رہنماء پی ٹی آئی نے کہا کہ شرین رحمان اور مریم اورنگزیب کی لاٹری نکلی ہے، یہ کونسلر بھی نہیں بن سکتیں۔ نواز شریف اور فیملی عوام کے پیسوں پر اٹلی اور یورب کی سیاحت پر نکلی ہوئی ہے۔ پاکستان پر مسلط لوگ غیر سنجیدہ طبقہ ہے۔