Saturday, May 18, 2024

وزیراعظم سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے دن رات کوشاں ہیں، عطا تارڑ

وزیراعظم سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے دن رات کوشاں ہیں، عطا تارڑ
September 10, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ کا کہنا ہے وزیراعظم شہباز شریف سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔

عطا تارڑ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا وزیراعظم سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے ہر صوبے میں جا رہے ہیں۔ حکومت پوری طرح متاثرین کی بحالی کیلئے پر عزم ہے۔ عمران خان کے دور میں کسی بھی قدرتی آفت پر اس طرح کام نہیں کیا گیا۔ ایک سیاسی جماعت سیلاب کی آفت کے دوران بھی سیاست کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی کی مختلف صوبوں میں حکومت ہے۔ انہیں سیلاب متاثرین کی بڑھ کر امداد کرنی چاہیے۔ پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں صوبائی حکومت کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے۔

عطاء اللہ تارڑ بولے صوبائی انتظامیہ محض جلسوں کو کامیاب کرنے میں توانائیاں صرف کر رہی ہے۔ بد قسمتی ہے کہ ایک شخص کروڑوں روپے لگا کر جلسے کر رہا ہے۔ تحریک انصاف کے ایک جلسے پر 25 سے 30 کروڑ روپے خرچ ہو رہے ہیں۔ اچھا ہوتا کہ پی ٹی آئی جلسوں پر خرچہ کرنے کی بجائے یہ رقم سیلاب متاثرین پر خرچ کرتی۔ نااہلی میں پرویز الہٰی عثمان بزدار کو بھی پیچھے چھوڑ گئے ہیں۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا پنجاب میں ادویات کی قلت ہو گئی ہے۔ ہم نے سیاست کی بجائے ریاست کو بچایا۔ بتایا جائے کہ کس کے کہنے پر فرح گوگی کے کیسز کو بند کیا گیا؟ کیا ہیروں کی تجارت میں فرح گوگی کا کوئی کردار نہیں؟ فرح گوگی اور ان کے خاوند کو پاکستان کیوں نہیں لایا جا رہا؟ فرح گوگی اور ان کے خاوند کا کمایا گیا پیسہ ان ہی کے فائدے کیلئے تھا۔ ایک تہائی پاکستان سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے۔ ایسے وقت میں تحریک انصاف کے جلسے بند ہونے چاہئیں۔ پنجاب میں صوبائی حکومت نے سیلاب متاثرین کو بے یارومددگار چھوڑ دیا ہے۔