Saturday, April 20, 2024

وزیراعظم سیاسی رشوت کے طور پر وزارتیں بانٹ رہے ہیں، احسن اقبال

وزیراعظم سیاسی رشوت کے طور پر وزارتیں بانٹ رہے ہیں، احسن اقبال
February 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنماء احسن اقبال کا کہنا ہے وزیراعظم سیاسی رشوت کے طور پر وزارتیں بانٹ رہے ہیں۔

جمعرات کے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی کابینہ عمران نیازی کی ہے، اب حکومت وفاق اور پنجاب کابینہ میں مزید توسیع کر رہی ہے، کابینہ میں توسیع کا مطلب حکومت وزارتیں بانٹ رہی ہے۔ وزارتیں بانٹنے کیلئے انکے پاس پیسے ہیں، عوام کو ریلیف دینے کیلئے پیسے یا وسائل نہیں۔

لیگی رہنماء نے کہا کہ عدم اعتماد حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہوگا، جس کے لیے کوشش جاری ہے۔ قوم دیکھ رہی ہے کس کے چہرے پر 12 بجے ہوئے ہیں۔ ملک میں مہنگائی نہیں رک سکتی، زراعت کو بھی تباہ کردیا گیا۔ پٹرول کی قیمت میں 12 روپے کا ریکارڈ اضافہ کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومتی وزرا این آراو کا شور کرتے ہیں، بتائیں کس نے این آراو مانگا، ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ کہہ رہی ہے عمران حکومت کرپٹ ترین ہے، کوئی ملک ایسا نہیں جس نے کرپشن میں ایک سال میں 16درجے ترقی کی ہو۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ کیا سی پیک اور اپوزیشن کی کردار سازی پر ایک وزیر کو نمبرون انعام دیا گیا؟، ساڑھے 3 سال سے سن رہے ہیں وزیراعظم نے کہا تھا 4 ماہ مشکل وقت ہے۔ یہ پاکستان کو معاشی دلدل میں پھنسا رہے ہیں۔ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ گندم کی فصل مارکیٹ میں آئے اور بحران پیدا ہو، وزیرخزانہ نے کہا تھا 8 ماہ میں مہنگائی پر قابو پالیں گے۔

لیگی رہنماء مزید بولے کہ جس طرح حکومت نے خود کو این آراو دیا اس کی مثال نہیں ملتی، ملک میں ہر پیداواری شعبہ تباہ ہوچکا ہے، نمبر ون وزیر نے عام آدمی کیلئے موٹروے تین گنا مہنگی کردی۔