Friday, April 26, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے امدادی فنڈ قائم کردیا

وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے امدادی فنڈ قائم کردیا
August 6, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے امدادی فنڈ قائم کردیا۔

وزیراعظم نے مخیر حضرات سے دل کھول کر سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل کی ہے۔ کہتے ہیں تاریخی بارشوں نے سیلاب کی صورت قیامت صغریٰ برپا کی ہے، بلوچستان، پنجاب، سندھ اور کے پی میں بے تحاشہ نقصانات ہوئے۔ مشکلات میں گھرے ان پاکستانیوں کو دوبارہ آباد کرنے میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا جس طرح اہل پاکستان نے 2005 کے زلزلے اور 2010 کے ملک کے سب سے بڑے سیلاب کے وقت متاثرین کی دل کھول کر مدد کرکے پوری دنیا میں ایک مثال قائم کی تھی، آج بھی اسی جذبے کی ضرورت ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود 5 ارب روپے سیلاب متاثرین کے لئے فوری جاری کر دئیے ہیں۔ سیلاب متاثرہ بھائیوں بہنوں اور بچوں کی مدد انصار مدینہ والے جذبے سے کرنے کی ضرورت ہے۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ وفاق نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، صوبائی حکومتیں متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیں تاکہ امدادی کاموں کو مزید تیز کیا جا سکے۔