وزیراعظم شہبازشریف نے اسلام آباد میں اسکولز آن وہیل پروگرام کا افتتاح کردیا
اسلام آباد (اے پی پی) - وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کئے بغیر ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، دور دراز علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے لئے” سکول آن ویلز “کا منصوبہ اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کو سکول آن ویلز منصوبے کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتےہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر 8 بسوں پر سکول آن ویلز منصوبہ اسلام آباد اور گرد ونواح کے بچوں کوموبائل سکولز کے ذریعے تعلیم فراہم کرے گا۔ وزیراعظم نے سکول آن ویلز منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے دیہاتوں میں بچوں کو تعلیم کے زیور سےآراستہ کرنے میں مد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ توقع رکھتے ہیں کہ یہ موبائل سکولز دیہات میں تعلیم کا نقلاب لے کر آئیں گے اور ان سے ہزاروں لاکھوں بچوں ، جو دیہاتوں کی گلیوں کی دھول میں گم ہو جاتےہیں، کو تعلیم کی سہولت حاصل ہو گی اور وہ پاکستان کے عظیم معمار بنیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبے کا دائرہ کار چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر تک پھیلانے کا جائزہ لیاجائے۔ اس سے بڑی اور کوئی قومی خدمت نہیں ہو سکتی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ اس منصوبے کے آغاز پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتےہیں۔
وزیراعظم نے اس موقع پر خصوصی طورپر ڈیزائن کی گئی بسوں کابھی معائنہ کیا اور اساتذہ اور بچوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔وزیراعظم نے موبائل لائبریری کے منصوبے کو بھی سرا ہااور کہا کہ اس سے دور دراز کے علاقوں کے بچوں کو گھر کی دہلیز پر لائبریری کی سہولت میسر آئے گی۔ وزیراعظم اس موقع پر بچوں میں گھل مل گئے اور ان سے سوال جواب کئے۔