Friday, April 26, 2024

وزیراعظم شہباز شریف کی سیلاب سے متاثرین کی بحالی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف کی سیلاب سے متاثرین کی بحالی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت
December 21, 2022 ویب ڈیسک

- وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے پانی نکالنے کیلئے اقدامات اور متاثرین کی بحالی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک قومی خدمت ہے اور قومی خدمت کے جذبہ کے ساتھ ہی کام کرنا ہو گا۔

 وزیراعظم نے بدھ کو خیرپوراور تعلقہ کوٹ ڈیجی کے سیلاب سے متاثرہ گاؤں پیر گدوکا ایک روزہ دورہ کیا۔ وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔ وزیراعظم شہبازشریف کو دوران پرواز چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے بریفنگ دی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو متاثرہ علاقوں سے سیلابی پانی کے نکاس اور بحالی کی کارروائیوں سے آگاہ کیا ۔ وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں سے سیلابی پانی نکالنے کے لئے اقدامات تیز کرنے ،اضافی مشینری، افرادی قوت اور وسائل بروئے کار لانے اور سردی کی آمد کی وجہ سے متاثرین کی بحالی کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے این ڈی ایم اے اور دیگر اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ صوبائی حکومتوں اور اداروں کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں دن رات کی کوششیں قابل تعریف ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ ایک قومی خدمت ہے، قومی خدمت کے جذبے کے ساتھ ہی کام کرنا ہوگا۔