Friday, May 3, 2024

وزیراعظم شہبازشریف کی کسان پیکیج پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہبازشریف کی کسان پیکیج پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت
December 28, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہبازشریف نے کسان پیکیج پرعملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

کسان پیکیج کا جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے کی ترقی پاکستان میں فوڈ سکیورٹی کی ضامن ہے، ہمیں ہر حال میں پاکستان میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانا ہے، غذائی تحفظ کیلئے گندم، کپاس، کنولہ اور زیتون کی کاشت پرخصوصی توجہ دی جائے، کسانوں کو دالوں سمیت دیگر غذائی اجناس کی پیداوار بڑھانے کے لیے بہتر بیجوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اجلاس کو بریفنگ میں وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ نے کہا تمام بحرانوں کے باوجود گندم کی کاشت کا ابتک 91 فیصد ہدف حاصل کرلیا، سیلاب متاثرہ علاقوں میں زرعی قرضوں پر مارک اپ ختم کردیا گیا۔

طارق بشیر چیمہ نے بتایا کہ کسان پیکیج پر عمل درآمد کے لیے نوجوانوں کے لیے قرضہ اسکیم، چھوٹے کسانوں کے لیے سود پر چھوٹ اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں چھوٹے کسانوں کو بلا سود زرعی قرضے فراہم کرنے کے سلسلے میں اسٹیٹ بینک نوٹیفیکیشن کے ذریعے بینکوں کو ہدایات جاری کر چکا ہے۔

اُنہوں نے کہا وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی نے بتایا کہ مالی مشکلات کے باوجود زرعی قرضوں کی حد میں 4 سوارب اضافہ کیاگیا اور ابتک 663 ارب سے زائد زرعی قرضے جاری کر دئیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں سال 6 ارب ڈالرتک آئل سیڈ امپورٹ کا بل ہوگا اور امید ہے کہ آئندہ سال گندم ایکسپورٹ نہیں کرنی پڑے گی، ابتک پنجاب میں 97 فیصد،سندھ میں 74 ،خیبر پختونخوا میں 85 فیصد اور بلوچستان میں اعشاریہ 8 فیصد گندم کاشت کا ہدف حاصل کرلیا۔