Saturday, May 18, 2024

وزیراعظم شہبازشریف کی فوج اور آرمی چیف کے خلاف غلیظ مہم کی شدید مذمت

وزیراعظم شہبازشریف کی فوج اور آرمی چیف کے خلاف غلیظ مہم کی شدید مذمت
March 20, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف نے فوج اور آرمی چیف کے خلاف غلیظ مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے خلاف مہم ناقابل برداشت اور اداروں کے خلاف سازش کا تسلسل ہے، بیرون ملک محب وطن پاکستانی فارن فنڈڈ مہم کے خلاف آواز بلند کریں۔زہریلی سیاست کو بیرون ملک پاکستانیوں کے ذریعے پھیلا رہے ہیں، عمران خان اداروں اور ان کے سربراہوں کو اپنی گندی سیاست میں گھسیٹ کر آئین شکنی کر رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ وزیر داخلہ ملک کے اندر اداروں کے خلاف غلیظ مہم چلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں۔ ۔پاکستان میں افراتفری، فساد اور بغاوت کو ہوا دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ تاریخ میں پہلی بار میرٹ پر لگنے والے آرمی چیف کے خلاف مہم ملک دشمنوں کا ایجنڈا ہی ہو سکتا ہے، قوم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، شرپسندوں کے خلاف متحد ہے۔