Saturday, April 20, 2024

وزیراعظم شہباز شریف سیکا کانفرنس میں کشمیریوں کی آواز بن گئے

وزیراعظم شہباز شریف سیکا کانفرنس میں کشمیریوں کی آواز بن گئے
October 13, 2022 ویب ڈیسک

آستانہ (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف قازقستان میں ایشیا میں روابط اور اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق سیکا سربراہی اجلاس میں کشمیریوں کی آواز بن گئے۔

قازقستان میں ہونے والے ایشیا میں روابط و اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت جمہوریت کا دعویدار ہونے کے باوجو مقبوضہ کشمیر میں فوجی طاقت کا بے دریغ استعمال کر رہا ہے۔ بھارت نے مقبوضہ وادی کے عوام کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم کر رکھا ہے۔ بھارت نے سات دہائیوں سے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی خلاف ورزی کی ۔ خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔ امن و استحکام کیلئے بھارت سے تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں۔

 ان کا کہنا تھا پاکستان کو اس وقت بدترین قدرتی آفت کا سامنا ہے، بے تحاشہ بارشوں نے ملک کے ایک تہائی حصے کو ڈبو دیا ہے جو بلا شک و شبہ گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلیں کے اثرات ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد بعض ممالک کی آبادی سے بھی زیادہ ہے۔ پاکستانی معیشت کو سیلاب سے 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا سیکا سربراہی اجلاس سے خطاب فخر کی بات ہے، پاکستان سیکا پلیٹ فارم کو بہت اہمیت دیتا ہے۔